کرپشن یا ڈیوٹی میں عدم دلچسپی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،سی ٹی او
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بلال افتخار نے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں ٹریفک پولیس کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا اولین فرض آن گرائونڈ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے کرپشن یا ڈیوٹی میں عدم دلچسپی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی رویے پولیس میں اہمیت رکھتے ہیں تمام افسران و اہلکار اپنے اندر احساس ذمہ داری پیدا کر کے شہریوں کے لئے بہتر کام کر کے انہیں سہولیات فراہم کریں انہوںنے کہا کہ بروقت ڈیوٹی پر آئیں اگر ٹریفک پولیس ڈیوٹی پر موجود ہو گی تو کوئی وجہ نہیں کہ ٹریفک بلاک کی شکایت ملے آپ کے جائز مسائل حل کئے جائیں گے لیکن مجھے روڈ پر بہتری نظر آنی چاہیے میر ی سپورٹ آپ کی اچھی ڈیوٹی اور فرائض کی ذمہ داری کے ساتھ ادائیگی ہے انہوںنے کہا کہ ایمانداری سے کام کرتے ہوئے اگر آپ کو فیلڈ میں کوئی بھی مسئلہ درپیش آتا ہے تو بطور کمانڈر مجھے اپنے ساتھ کھڑا پائیں گے سی ٹی او نے ڈی ایس پی، انسپکٹرز اور وارڈنز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ روڈ پر عوام کے لئے کھڑے ہیں عوام کو پروٹوکول دیں ہم سب نے ٹیم ورک کے ساتھ کام کرنا ہے اچھی ٹیم اسی وقت بنتی ہے جب سب ذمہ داری کا مظاہرہ کریں آپ سب پڑھے لکھے ہیں بہتر کام کر رہے ہیں لیکن ہم نے آگے اچھی حکمت عملی کے تحت مزید عملی کام کرنے ہیں ہیوی گاڑیوں کا شہر میں داخلے کے لئے جو وقت مقرر ہے اس سے پہلے داخلہ ہر گز نہیں ہونا چاہیے رات کے اوقات میں ریفلیکٹنگ جیکٹس اور راڈ کا استعمال کریں یونیفارم کا ٹرن آئوٹ اچھا رکھیں ڈرائیونگ لائسنسنگ شعبے میں چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا او ر روڈ یوزرز میں ٹریفک قوانین و روڈ سیفٹی قوانین سے آگاہی کے حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوںنے کہا کہ ٹریفک اقدامات کے حوالے سے میں خود شہر اور تحصیل ہائے کا جائزہ لوں گا آپ کی ہفتے میں ایک دن کی ریسٹ رکھی جائے گی یا مہینے میں تین یا چار دن کی چھٹی ہونی چاہیے لیکن میرا ریلیف آپ کی اچھی ڈیوٹی ہے سی ٹی او بلال افتخار نے کہا کہ روڈ پر نظم و ضبط نظر آنا چاہیے ٹریفک قوانین اور پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی پر کاروائی کریں انہوںنے کہا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ کے حوالے سے روٹیشن پالیسی بنائی جا رہی ہے ہر ایک کو اس کا جائز حق ملے گا چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی بلال افتخار نے کہا کہ سختی اور سزائیں دینا کوئی مشکل کام نہیں ہے میں چاہتا ہوں کہ آپ لوگ اپنے اچھے کام کی وجہ سے خود ثابت کریں کہ آپ سب کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہے اور اچھے طریقے سے ذمہ داری ادا بھی کر رہے ہیں دربار کے آخر میں سی ٹی او بلال افتخار نے وارڈن افسران سے ان کے مسائل دریافت کئے اور جائز مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔