خیبر سے کراچی تک پی پی مضبوط اور ناقابل شکست سیاسی قوت بن چکی
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کے سیاسی فلسفے اور ویژن کی امین واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں کی زنجیر اور پاکستان کی ترقی و تعمیر اور استحکام کی علامت ہے۔ ڈویژنل پیپلز سیکریٹریٹ امن ہائوس پشاور روڈ راولپنڈی میں کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ خیبر سے کراچی تک پی پی پی ایک مضبوط اور ناقابل شکست سیاسی قوت بن چکی ہے ۔ پارٹی شہداء کے ویژن اور کارناموں سے آشنا آج کے ووٹر پی پی پی کے سوا کسی دوسری جماعت کو ووٹ نہیں دیں گے اور ہماری جماعت برسر اقتدار آ کر کشمیر کی آزادی سمیت دیگر قومی مسائل حل کرے گی ۔ انہو ںنے راولپنڈی چکلالہ کینٹ اور شہر بھر کے کارکنوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہو ںنے سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ کا شایان شان استقبال کرکے استقبالیہ تقریب کو کامیاب بنایا ۔ حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی عروج کی نئی منزلوں کی جانب رواں ہے اور تین ماہ بعد ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان بھر سے کامیاب ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی مرکز اور پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں اپنی حکومتیں بنائے گی۔