محکمہ کھیل کی بوکھلاہٹ‘ناقص انتظامات کا ملبہ
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ گیمز کے ناقص انتظامات کے بعد اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز حکومت سندھ کے افسران بھی بوکھلا گئے اور ایک کوچ کو ایتھلیٹکس ایونٹ میں ناقص گدے استعمال کرنے کا الزام لگا کر شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ واضح رہے کہ سندھ اسپورٹس بورڈ کے تحت ہونے والے سندھ گیمز کے ایتھلیٹکس ایونٹ کی ذمہ داری ایس ایس بی کے قائم مقام ڈائریکٹر شہزاد پرویز بھٹی کو سونپی گئی تھی تاہم بحیثیت چیف آرگنائزر انہوں نے ٹریک پر آنا گوارا نہیں کیا اور اپنی ذمہ داری غیر سرکاری طور پر ایتھلیکٹس کے کوچ عبداللہ چانڈیو پر ڈال دی۔ اس دوران ناقص میٹرس استعمال کرنے کے بعد محکمہ کھیل نے اپنے ڈائریکٹر کے بجائے اپنے کوچ عبداللہ چانڈیو کو شوکاز نوٹس جاری کر کے ان سے جواب طلبی کی۔ کراچی ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری کی بھی ذمہ داری اداکرنے والے عبداللہ چانڈیو پر الزام ہے کہ انہوں نے پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر ہائی جمپ کے مقابلوں کے دوران غیرمعیاری گدے استعمال کیے جس کے سبب متعدد ایتھلیٹس زخمی بھی ہوئے جبکہ میڈیا کی جانب سے ہونے والی تشہیر سیآرگنائزنگ کمیٹی کو بھی سبکی کا سامنا کرنا پڑا، مزکورہ نوٹیفیکیشن محکمہ کھیل کے سیکشن افسر ایڈمن مرزا مشتاق بیگ نے جاری کیا ہے۔