ولی محمد یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں چار میچوں کا فیصلہ
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) آل کراچی ولی محمد یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ گزری پلے گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سوسائٹی برادرز کیماڑی نے ینگ میراں سائوتھ کو 3-0سے قابو کرلیا۔پہلے ہاف میں سوسائٹی برادرز کی جانب سے13 ویں منٹ میں لالی نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی برتری دلوادی، جس کو ہاف ٹائم سے قبل37 ویں منٹ میں عبداللہ نے گول بناکر اپنی ٹیم کو2-0کی برتری کردیا۔ سوسائٹی برادرز کی جانب سے تیسرا گول 64ویں منٹ میں لالی نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں3-0 سے سرخرو کردیا۔ دوسرے میچ میں نیشنل فائٹر نے کلمت ویلفیئر سینٹر کو4-1 سے ٹھکانے لگادیا۔نیشنل فائٹر کی طرف سے 20ویں منٹ میں سجاد نے گیند کو جال میں پہنچاکر اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی سبقت دلوادی۔ 40ویں منٹ میں سجاد نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو 2-0سے دگنا کردیا۔ کھیل کے50 ویں منٹ میں قاری نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی سبقت کو3-0 کردیا۔ کلمت ویلفیئر کی جانب سے میچ کو واحد گول ماجو نے60 ویں منٹ میں بناکر اپنی ٹیم کے خسارے کو 3-1کردیا۔ نیشنل فائٹر کی جانب سے چوتھا گول75 ویں منٹ میں زاہد نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو4-1 کے اسکور سے فتح دلوادی۔تیسرے میچ میں صاحبداد اسٹارنے سوات اسپورٹس کو2-1 سے زیر کرلیا۔چوتھے میچ میں عثمان آباد یونین نے کراچی ککرز کو پنالٹی ککس پر4-3 سے شکست دیدی۔ مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔دوران میچ میں عثمان آباد یونین کی جانب سے پہلے ہاف میں مسال الدین نے 17 ویں منٹ میں گول بناکر اپنی ٹیم کو1-0 کی برتری دلوادی۔ کراچی ککرز کی طرف سے 74ویں منٹ میں طاہر نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد پنالٹی ککس میں عثمان آباد یونین نے کراچی ککرز کو 4-3سے ہرادیا