قومو ں کی ترقی اور مضبوطی کا سرچشمہ عوام ہوتی ہے،تنویر قریشی
کراچی(نیوز رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ ( پاکستان) کے سیکر یٹری مالیات تنویر قریشی نے کہا کہ لفظ مہاجر ہماری شناخت اور پہچان ہے جبکہ مہاجر نظریہ ہمارا اثاثہ ہے جس سے ہمیں کوئی جدا اور الگ نہیں کرسکتا،کیونکہ اپنی شناخت سے انحراف ناصرف اپنے وجود سے انکار ہے،بلکہ ان ہزاروں نوجوانوں کی قربانیوں سے بے وفائی ہے جنہوں نے مہاجرپرچم اور شناخت کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی ۔تنویر قریشی نے کہا کہ مہاجر مخالف قوتوںاور فاسک حکمرانوں کی جانب سے مہاجر اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کیلئے نت نئے ہتھکنڈوںکا استعما ل کوئی نئی اورحیران کن بات نہیں،تاریخ گواہ ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں میں بسنے والوں کیخلاف پہلے بھی کئی اتحاد اور سازشیں تیا ر کی جاتی رہی ہیں، لیکن ہر بار ناکامی مہاجر مخالف قوتوں کا مقدر بنی ہے ، جبکہ آئندہ بھی نتایج مختلف نہیں ہونگے کیونکہ یہ شہر ہمارا اور ہم ہی اسکے اصل وارث اور رکھوالے ہیں۔تنو یر قریشی نے کہا کہ حکومت اور مقتدر حلقوں کی جانب سے آفاق احمد کو اپنے لوگوںمیں جانے سے روکنے اور سیاسی سرگرمیوں سے دور رکھنے کی روش اور سازش کا تسلسل کوئی نئی چیز نہیں،لیکن حکومتی پابندیوں اور روکاوٹوں کے باوجود آج بھی آفاق احمد ناصرف اپنی قوم کے دلوں پر راج کرتے ہیں بلکہ قوم کا آفاق احمد کی بے باک اور قائدانہ صلاحیت پر مکمل اعتماد و یقین انکی کامیابی اور مقبولیت کاثبوت ہے۔ تنویر قریشی نے کہا کہ قوموں کی ترقی اور مضبوطی کا سرچشمہ عوام ہوتی ہے ،جبکہ مہاجر مخالف قوتیںمہاجر اتحاد اور یکجہتی سے خائف اور نالاں دیکھائی دیتی ہیں، جو مہاجروں کی نمائندہ سیاسی جماعت کو سیاسی سرگرمیوںسے روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعما ل کررہی ہے، لیکن مہاجر قوم اپنے اتحاد اور یکجہتی سے ثابت کریگی کہ ہم ایک اور متحد قوم ہے ،جو لفظ مہاجرکو اپنی شناخت کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ناصرف فخر محسو س کرتے ہیں بلکہ اسکی بقاء اور حرمت کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو ہمشہ تیا ر رہتے ہیں۔