کاسا 1000 منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب 11 مئی کو دوشنبے میں ہو گی
اسلام آباد (خبر نگار) کاسا 1000 منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب 11 مئی 2016ء کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ہوگی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد موسم گرما کے دوران (یکم مئی تا 30 ستمبر) کرغزستان اور تاجکستان سے اضافی بجلی افغانستان اور پاکستان کو سپلائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں کاسا 1000 پراجیکٹ سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ اور بین الحکومتی کونسل کے 19 سے 21 اپریل 2016ء کے دوران الماتے میں ہونے والے اجلاسوں میں فیصلے کیے گے۔ ان اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور سیکریٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگا نے کی۔ اجلاسوں میں رکن ممالک کے وزرائے توانائی نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔