سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نومبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے

پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے جمعرات کو کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نومبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے اور ایک عجائب گھر کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ میں واقع ایک غیر منافع بخش بین الاقوامی اسلامی تنظیم ہے جو دنیا بھر میں اسلامی عقیدے کے پیروکاروں کی نمائندہ ہے۔پاکستانی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد سے ملاقات کے بعد العیسیٰ کے حوالے سے وزارت مذہبی امور نے ایک بیان میں کہا، "میں نومبر میں پاکستان آؤں گا اور سیرت عجائب گھر کا سنگ بنیاد رکھوں گا۔"
پاکستان کے وزیرِ مذہبی امور مملکت کے ایک ہفتے کے دورے پر ہیں۔ اگلے سال حج سے پہلے مکہ روٹ انیشیٹو کی توسیع کے بارے میں گفتگو دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ احمد نے کہا، "عالمی مسلم لیگ کے تعاون سے پاکستان میں سیرت عجائب گھر کا قیام خوش آئند ہے۔"انہوں نے غیر مسلموں کے ساتھ بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر نے کہا۔ "یہ تہذیبوں کی جنگ نہیں بلکہ ایک دوسرے کو نظر انداز کرنے کی جنگ ہے۔ ہم حکومتوں اور مذہبی رہنماؤں کی سطح پر بات چیت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔"رابطہ عالم اسلامی نے اپنے سیکرٹری جنرل کے دورۂ پاکستان کے اوقات پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔