ڈکیتی مزاحمت پر فلور مل مالک کو قتل کرنیوالے 3ملزم گرفتار
لاہور(نمائندہ خصوصی)سی آئی اے پولیس لاہور صدر ڈویژن نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فلور مل مالک کے قتل کی واردات میں ملوث 3خطرناک ملزمان کو گرفتار کر کے لوٹی ہوئی تمام رقم، وارداتوں میں استعمال ہونیوالی موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل شادباغ کے علاقے میں 3کس نامعلوم ملزمان دن دیہاڑے دوران ڈکیتی مزاحمت پرفلور مل کے مالک نصیر احمد کو قتل کرنے کے بعد 6لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دوران ڈکیتی افائرنگ کر کے فلور مل مالک نصیر احمد کو قتل کرنے والے سابقہ ریکارڈ یافتہ3خطرناک ملزمان وقاص خالد، حسن صابر اور حارث زبیر کو گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ملزمان سے لوٹی ہوئی تمام رقم، وارداتوں میں استعمال ہونیوالی موٹر سائیکل، موبائل فونز، جعلی نمبر پلیٹس اور5پسٹل برآمدکر لیے گئے ہیں۔