یاؤ جنگ کی ملاقات‘ چینی صدر کے دورہ پاکستان کا انتظار ہے: وزیراعظم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے چین کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ وہ پاکستان میں چین کے سفیر ژاؤ جنگ سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے ان سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کے سفیر ژاؤ جنگ کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کاوش کی تعریف کی اور کہا کہ انہی کے دور میں سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کے سفیر سے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ قیادت نے عوام کی معاشی خوشحالی کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ سی پیک علاقائی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ چین کے سفیر ژاؤ جنگ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے وزیراعظم کے قائدانہ کردار پر اظہار تشکر کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سرکاری خزانے سے فراہم کی جانے والی سبسڈیز کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقوں کی معاونت اور سماجی و معاشی ترقی کا فروغ ہے، غیر مستحق افراد کا سبسڈیز کے نظام سے فائدہ اٹھانا نہ صرف سرکاری وسائل کا ضیاع ہے بلکہ حقداروں کی حق تلفی کا باعث بنتا ہے لہٰذا اس نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وہ پیر کو یہاں حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی سبسڈی کے نظام کو شفاف اور منظم بنانے اور اس معاونت کو حقدار تک پہنچانے کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ قابل عمل تجویز کے حوالے سے روڈ میپ مرتب کیا جائے تاکہ مرحلہ وار ان پر عملدرآمد کیا جا سکے۔