نوازشریف اور زرداری کے خطاب سے اے پی سی کی اہمیت بڑھ گئی:لیاقت بلوچ
لاہور( خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی اور سیاسی قومی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے جوہر ٹائون میں ورکرز کنونشن اور معززین کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی ہوگئی۔ میاں نوازشریف اور آصف زرداری کے خطاب نے اسے اور اہم بنا دیا۔ اپوزیشن جماعتوں نے اتحاد اور لائحہ عمل بھی دے دیا ہے اب عملدرآمد کا مرحلہ باقی ہے۔ اے پی سی کی شرکاء جماعتوں نے فی الحال ایک دوسرے کو کاٹنے کی روش برقرار رکھی۔ مولانا فضل الرحمن کی آواز بند کرنا اور میاں نوازشریف کی جانب سے کشتیاں جلا کر سب کچھ داؤ پر لگادینا نہایت اہم ہے۔لیکن یہ حقیقت ہے کہ ایسے انقلابی لائحہ عمل کے لیے انہوں نے اپنی جماعت کو تیارہی نہیں کیا۔ سماجی ، معاشی ناانصافی قومی روگ بنادیا گیاہے۔ قرضوں ، سود ، کرپشن کی لعنت کی وجہ سے غربت ، مہنگائی افراط زر پیدا واری لاگت میں بے تحاشا ،اضافہ ننگا ناچ نا چ رہے ہیں۔ عوام بدحال ہو گئے ہیں۔ مسئلہ کشمیر پر حکومت کی مجرمانہ اور انجینئرڈ ناکامی قومی المیہ ہے۔