سیشن عدالت میں مدعی اور ملزم پارٹی میں جھگڑا، پولیس اہلکار سمیت 3 زخمی
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) قتل کے مقدمے میں پیشی پر آئے ملزمان اور مدعی پارٹی کے افراد سیشن کورٹ میں جھگڑ پڑے، جس کی وجہ سے احاطہ عدالت میدان جنگ بن گیا اور پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، دونوں طرف سے لاتوں، کھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، پولیس اہلکار لڑنے والوں کو روکنے کی کوشش کرتے رہے لیکن قابو نہ پایا جا سکا، بعد ازاں وکلا اور پولیس نے ملکر بیچ بچائو کرایا۔ دونوں پارٹیوں کی خواتین نے بھی ایک دوسرے کو تھپڑ مارے۔ ملزم راشد کا بھائی آصف ، اسکی والدہ زخمی ہو گئیں۔ فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف کارروائی کیلئے درخواستیں جمع کر ادی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج لاہور اکرام الحق کی عدالت میں راوی روڈ کے سہیل بٹ قتل کیس کی سماعت تھی۔ قتل کے ملزمان ، اسکے اہلخانہ اور مدعی پارٹی، اسکے حامیوں کا آمنا سامنا ہوا تو اچانک ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ ایک شخص کو قابو کر کے اسے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران مقدمہ کی مدعی خواتین اور ملزم پارٹی کی خواتین میںبھی ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ لڑائی کے دوران بیچ بچائو کرانے کی کوشش میں ایک پولیس اہلکاربھی تشدد کا نشانہ بن گیا۔ لڑائی کافی دیر تک کمرہ عدالت کے عین باہر جاری رہی جس کے دوران آصف نامی شخص کا سر، متعدد کے کپڑے پھٹ گئے۔ لڑائی سے سیشن عدالت میں خوف وہراس پھیل گیا۔