آئی سی سی نے پاکستان ‘سری لنکا سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا
لاہور(نمائندہ سپورٹس )انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کیلئے امپائرز کے پینل کا اعلان کردیا ہے، آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ بون کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔پاک سری لنکا سیزیز کیلئے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل مائیکل گف، جول ولسن اور علیم ڈارامپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ احسن رضا، شوزب رضا اور آصف یعقوب بھی امپائرنگ پینل میں شامل ہیں۔پہلے ون ڈے میچ کیلئے جول ولسن اور احسن رضا کو آن فیلڈ امپائرز مقرر کیا گیا ہے جبکہ مائیکل گف تھرڈ امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔دوسرے ون ڈے میچ میں مائیکل گف اور شوزب رضا آن فیلڈ امپائرز کی ذمے داریاں نبھائیں گے، جبکہ جول ولسن تھرڈ امپائر اور احسن رضا کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔آئی سی سی نے تیسرے ون ڈے میچ میں جول ولسن اور علیم ڈار کو آن فیلڈ امپائرز، مائیکل گف تھرڈ امپائر جبکہ آصف یعقوب کو فورتھ امپائر مقرر کیا ہے۔