گلوبل وارمنگ ڈے پر ماحولیات کو محفوظ بنانے کی اپیل
ماحول کو بہتر بنایا جائے اور گوبل وارمنگ روکی جائے۔ پاکستان سمیت 150 ممالک میں مظاہرے، ریلیاں، لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین کا دنیا کو آلودگی سے بچانے کا مطالبہ۔ دنیا بھر میں ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے جو موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ اس پر قابو پانے کے لئے گزشتہ روز دنیا بھر میں ماحول کو بہتر بنانے کا عالمی دن منایا گیا۔ اس وقت موسمیاتی تبدیلی کا باعث بننے والی ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے طرح طرح کی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ دنیا بھر کے کروڑوں افراد ان متعدی بیماریوں کا شکار ہو کر موت کو نوالہ بن رہے ہیں۔ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو آلودگی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہے۔ اس لئے ہمیں ترجیحی بنیادوں پر اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے بہت اقدامات کرنا ہوںگے۔ حکومت کی ہر بشر دوشجر والی شجرکاری مہم بھی اسی پالیسی کا حصّہ ہے۔ اس کے علاوہ میں اینٹوں کے بھٹوں‘ فیکٹریوں اور کارخانوں سے خارج ہونے والے دھویں اور زہریلے پانی پر قابو پانے کی بھی منصوبہ بندی کرنی ہو گی۔ ٹرانسپورٹ کے دھویں اور شور پر بھی قابو پانا ہو گا۔ ان سب کے ساتھ عوام میں بھی آلودگی کے خلاف شعور بیدار کرنا ہو گا کہ وہ اپنے گھر‘ محلے اور شہر کے ساتھ ساتھ اردگرد کے ماحول کو صاف کریں‘ پلاسٹک بیگ کا استعمال کم کریں۔ کچرا جلانے اور اسے سڑکوں اور نالوں میں پھینکنے سے پرہیز کریں۔