محرم الحرام میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا حکم مراد علی شاہ
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو محرم الحرام کے حوالے سے فول پروف اور غیر معمولی سیکورٹی انتظامات کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاﺅس میں محرم الحرام کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن ، آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناءاللہ عباسی ، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر، صوبائی سیکریٹری داخلہ اور بلدیات، کمشنر کراچی اور ڈی آئی جیز نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنران اور ڈویژن کے ڈی آئی جیز نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت دی کہ کشمور سے کراچی تک سیکیورٹی انتظامات ، انٹیلجنس اور کومبنگ آپریشن سمیت پولیس کی تعیناتی ضرورت کی بنیادوں پر کی جائے اور ا نہوں نے آئی جی سندھ کو واضح طور پر کہا ہے کہ یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ کب کہا ں اور کتنی فورس تعینات کرنی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے تمام کمشنرز اور ڈی آئی جیز کو بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ قریبی روابط رکھنے اور انکو اپنے سسٹم میں شامل کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ امن کمیٹیوں کے اجلاس وقتاً فوقتاً بلاتے رہیں انہوں نے کمشنرکو ہدایت کی کہ وہ محرم کے دوران مختلف مکتب فکر کے علماءکے ساتھ اجلاس کریں تاکہ صوبے میں بھائی چارگی کی فضا کو مزید فروغ حاصل ہو۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ محرم کی سیکورٹی کو حتمی شکل دینے کے لئے وہ حساس اداروں سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ایک اور بھی اجلاس بلائیں گے۔
مراد علی شاہ