احتجاج کی آڑ میں سڑکیں بلاک کرنے پر سخت کارروائی کاحکم
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ جرائم کی بیخ کنی اور صوبہ میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بناتے ہوئے عوام کی جان ومال کے تحفظ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے جبکہ احتجاج کی آڑ میں شاہرات کو بلاک کرنے اور شہریوں کیلئے مسائل کا سبب بننے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ریاست کی رٹ کو برقرار رکھنا پولیس کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ آرگنائزڈکرائم بالخصوص منشیات، جواء اور فحاشی کے اڈوں کے خاتمے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کاروائیاں جاری رکھی جائیں اور جرائم میں ملوث ملزمان کو مضبوط چالانوں کے ذریعے عدالتوں سے سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ فیلڈ کمانڈرز پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر سے بہتر بنانے کیساتھ ساتھ عوامی مسائل کے بروقت حل کواولیت دیں ۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام آر پی اوز کو بذریعہ ویڈیو لنک جاری کیں۔ دوران اجلاس صوبے میں جرائم کی بیخ کنی اور امن و امان کی صورتحال بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سی سی پی او لاہور غلا م محمود ڈوگر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد خان، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب ساجد کیانی، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کیپٹن (ر) سہیل چوہدری اور اے آئی جی آپریشنز سید ذیشان رضا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔