نجلی کمپنیوں کی ممکنہ نجکاری کیخلاف ملازمین کا ملک گیر احتجاج: مظاہرے ریلیاں
ملتان‘ مظفرگڑھ ‘ خانیوال‘ بورے والا‘ گگو منڈی‘ میلسی (نیوز رپورٹر‘ نمائندوں سے) واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاج‘ مظاہرے‘ ریلیاں نکالی گئیں‘ میپکو دفاتر کی مکمل تالہ بندی‘ آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرزیونین سی بی اے کے زیراہتمام جلسے، ریلیاں منعقد کرکے کارکنوں کے مطالبات کے حق میں"یوم مطالبات" منایا گیا۔محکمہ بجلی کی کمپنیوں اور تھرمل پاور ہائوسز کی نجکاری روکی جائے بلکہ ان کی کارکردگی میں اضافہ کیاجا ئے محکمہ بجلی کے کارکنوں کو کام پر حادثات سے تحفظ فراہم کیا جائے بجلی کے محنت کشوں نے کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد اسلام آباد، پشاور ودیگر شہروں میں اپنے مطالبات کے حق میں ریلیاں منعقد کیں -ملتان میں سینکڑوں محنت کشوں نے لیبر ہال سے میپکو ہیڈ کوارٹر تک ریلی نکالی گئی اور اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ اْنہوں نے قومی پرچم اور اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے اس موقع پر یونین رہنمائوں چوہدری محمد خالد، شکیل بلوچ، چوہدری محمد یونس، راشد یامین ، ملک انصر عباس ، مہر الطاف ، اکرام علوی ، الیاس جٹ ، طارق صدیقی ، سلیم گیلانی،محبوب بھٹہ ، مولوی منور، قمر عباس،ملک تنویر ،رانا طیب، رائو اسلم،رانا انور، مختیار بخاری،راناخضر حیات، بابر ملک ، سلیمان بلوچ، اور دیگرنے کارکنوں کو خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملک میں آٹا، چینی، دالیں، تیل، ادویات اور ضروریات زندگی کی اشیاء میں ہوشربا ء اضافہ کے باوجود اس سال سالانہ بجٹ میں محنت کشوں کی تنخواہوں اورپنشنوں میں اضافہ نہیں کیاگیا ۔ کمپنیوںاور تھرمل پاور ہائوسوں کو آئی ایم ایف کے دبائو پر نجی کمپنیوں کے حوالے نہ کیاجائے بلکہ ان کی کارکردگی میں اضافہ کے لئے اقدامات کیئے جائیں۔ اس موقعہ پر یونین کے نمائندگان اور یونین کے دیگر نمائندگان نے بھی خطاب کیا اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے محکمہ بجلی اور دیگر اداروں میں سالہا سال سے کنٹریکٹ اور ڈیلی لیبر کے ملازمین کو جلد مستقل کرنے کے لئے حکومت سے مطالبہ کیاگیا ۔مظفرگڑھ میں پاکستان ہائیڈروالیکٹرک لیبر یونین کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا.پاکستان ہائیڈروالیکٹرک لیبر یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد خان کی ہدایت پر سرکل آفس میں کیے گئے احتجاجی مظاہرے سے زونل چیئرمین ملک الطاف حسین،زونل جنرل سیکرٹری میاں افتخار احمد،زونل وائس چیئرمین حافظ جاوید،ڈویڑنل چیئرمین اکرم خان گوپانگ،ملک افتخار احمد،رائے شاہد بورانہ،میاں فاروق،یاسر قریشی،ذیشان شاہ،اشتیاق احمد،ظفر زمان،ملک عنصر ڈونہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برقی اداروں کی نجکاری کسی صورت قابل قبول نہیں ہے،ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اب قومی اداروں کو اونے پونے داموں فروخت کرنا چاہتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ یونین کسی صورت نجکاری قبول نہیں کرے گی۔ میپکو خانیوال زیر اہتما م واپڈا کی نجکاری کے خلاف احتجاجی کیمپ لگایا گیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوے ذونل چیر مین چوہدری محمود امجد نے کہا کہ واپڈا کی نجکاری کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ڈیلی ویجزو کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے۔ میاں چنوں میں بھی واپڈا ھائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین CBAکے زیراہتمام نجکاری نامنظور کے حوالے سے بھرپور احتجاج کیا اوردفاترمیں نجکاری کے خلاف علامتی ھڑتال کی گئی۔اس موقع چودھری محمد شرافت ندیم‘چوھدری محمد اسماعیل ‘رانا محمد عمران چوہدری منیر احمد گجر و دیگر نے خطاب کیا۔ بورے والا سرکل میں میپکو ہائیڈرو الیکٹرک سنٹرل لیبر یونین کی کال پر دفاتر کی مکمل تالہ بندی کر کے دفاتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا گیا اور نجکاری پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ محمد انور بھٹی،شاہد پرویز،سردار شکیل ڈوگر،خالد محمود عقیل، محمد ساجد خورشید اور دیگر نے کہا کہ واپڈا کی نجکاری آئی ایم ایف کا ایجنڈا ہے جو واپڈا ملازمین کو کسی صورت بھی قبول نہیں۔