مہنگائی میں اضافہ ،حکومتی اقدامات دھرے رہ گئے
مہنگائی ایک ایسا موضوع ہے جو میڈیاسمیت ہر گھر میں زیر بحث ہے۔ 2018 کے الیکشن میں مختلف سیاسی جماعتوںنے اپنے منشور میں بے روزگاری میں کمی اورمہنگائی کے خاتمے کے سنہرے خواب عوام کو دکھائے تھے جس میں پی ٹی آئی پیش پیش تھی عمران خان نے پاکستانی قوم کی مفلسی کم کرنے کا وعدہ کیاتھا اسی وعدے پر عوام نے انہیں ووٹ دیئے تھے لیکن جب عمران خان کی حکومت اقتدار میں آئی تو ملک میں مہنگائی میں کمی کے بجائے مزید اضافہ ہوگیا اور غریب عوام اب بھی اس مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ۔مہنگائی میں اضافے کی ایک وجہ تو ملک کی معاشی صورتحال ہوسکتی ہے مگر سب سے بڑی وجہ پرائس کنٹرول اتھارٹی کا غیر فعال ہونا یا مہنگائی کنٹرول کرنے پر مامور اہلکاروں کا اپناحصہ لیکر آنکھیں بند کرلیناہے۔ چنانچہ میری حکومت سے گزارش ہے کہ روز مرہ کے استعمال کی اشیا ء کو مناسب قیمتوں پر فروخت کرنے کے لئے مناسب لائحہ عمل طے کرنے کے ساتھ گرانفروشوں پر کڑی نظر رکھیں اوریہ کام اسی وقت ہوپائے گاجب پرائس کنٹرول اتھارٹی کو کرپشن سے پاک اوریہاں دیانتدار افسران واہلکاروں کی تعیناتی کو ممکن بنایاجائے، دکانداروں سے قوانین کی پابندی کرائی جائے اور غیر قانونی منافع حاصل کرنے والے دکانداروں اور ہول سیلر ز پر سزا کا سخت نظام قائم کیا جائے، تاکہ عوام کی سستی اشیاء تک رسائی کو ممکن بنایا جا سکے ۔ مائرہ نجیب ، کراچی