پرتگال کے وفد کی ملاقات، دونوں ملکوں کے تاجروں کو قریب لانے کیلئے اقدامات ہونے چاہئیں: پرویزالٰہی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پرتگال کے 5رکنی وفد نے ڈائریکٹر آف پرتگیز مشن ڈاکٹر ہوسے کارلوس کالازان (Dr. Jose Carlos Calazan)کی سربراہی میں اسمبلی چیمبرمیں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سپیکر نے مہمانوں کو اسمبلی کی ساخت، پارلیمانی روایات اور اسمبلی کے رولز آف پروسیجر سے بھی آگاہ کیا۔ ملا قات میں دوطرفہ تجا رت کو فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو ہوئی اور دونوں ملکوں کے عوام کے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ اپنے باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ ان تعلقات کو پارلیمانی، تجارتی و اقتصادی سطح پر مزید وسعت دی جائے۔ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں اور ایک دوسرے کے جدید ٹیکنالوجی کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر کارلوس کالازان نے کہا کہ پرتگال پاکستان کے ساتھ تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری کوآرڈی نیشن رائے ممتاز حسین بابر، ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور سپیشل سیکرٹری عامر حبیب بھی موجود تھے۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے علاوہ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم، میاں اسلم نائب صدر، مشتاق احمد خان امیر کے پی کے، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نصیر مینگل، ظفر بختاوری اور رانا خالد منظور بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور صحت یابی پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔