چیئرمین پاکستان کونسل آف ریسرچ آبی وسائل ڈاکٹرمحمد اشرف کی تعیناتی ہائیکورٹ میں چیلنج
اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان کونسل آف ریسرچ برائے آبی وسائل کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف کی تعیناتی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ محمد شاہد شہزاد ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور چیئرمین پی سی آرڈبلیو آر فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر اشرف کو قواعد کے خلاف تین سالہ کنٹریکٹ پر ڈائریکٹر اور پھر چیئرمین پی سی آر ڈبلیو آر تعینات کیا گیا ۔ تین سالہ کنٹریکٹ ملازمت مکمل ہونے کے وہ ادارے کے ملازم نہیں رہے مگر اس کے باوجود منظور نظر ہونے پر ری جوائننگ کرائی گئی۔ ان کے خلاف بے ضابطگی کی انکوائری بھی ہوئی۔ اہل اور قابل لوگوں کے بجائے کم تجربہ کار کو چیئرمین کی پوسٹ پر تعینات کیا گیا۔ ڈاکٹر اشرف سے پوچھا جائے کہ وہ کس قانون کے تحت چیئرمین کے عہدے پر تعینات ہیں؟ فریقین کو بھی نوٹس جاری کیا جائے کہ وہ کیوں قانون کی حکمرانی قائم رکھنے میں ناکام ہوئے ؟