ہسپتال سروس اسٹرکچر کیس ، توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ میں وفاقی حکومت کے زیر انتظام ہسپتالوں کے سروس اسٹرکچر سے متعلق کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری صحت,اٹارنی جنرل اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کو نوٹس جاری کر دیاہے جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کا آغاز کیا تو درخواست گزار ڈاکٹرشمائلہ کے وکیل بیرسٹر افتخار گیلانی کاکہنا تھاکہ13 فروری 2019 کو عدالت نے سروس اسٹرکچر بنانے کیلئے وزارت صحت کو تین ماہ کی مہلت دی تھی ، وکیل نے عدالت کو بتایاکہ 13 گولڈ میڈلز لینے والی ڈاکٹر شمائلہ کو تاحال گریڈ 17 میں ہی رکھا ہوا ہے، اس دوران جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ خیبرپختوخواہ اور پنجاب کے ہسپتالوں کا برا حال ہے, کے پی اور پنجاب میں ڈاکٹروں کی ہڑتال چل رہی ہے,جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ ہم ہسپتالوں کے معاملے میں زیادہ مداخلت نہیں کرنا چاہتے لیکن پی ایم ڈی سی کو بھی تحلیل کر دیا گیا ہے۔ نیا کمیشن بن چکا ہے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے؟بعدازاںعدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔