آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹرز پر ہندوستانی گولہ باری بزدلانہ حرکت ہے،سردار عتیق
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی کی بار بار خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ لائن کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ،وادی نیلم سمیت آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹرز پر ہندوستانی فوج کی شہری آبادی پر وحشیانہ گولہ باری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے دشمن کی بزدلانہ حرکت قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان جان بوجھ کر لائن آف کنٹرول پر جنگ کی صورتحال پیدا کر کے کشیدگی بڑھا رہا ہے،کسی بھی وقت پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بڑی جنگ کا سبب بن سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشہ روز مجاہد منزل راولپنڈی میں آزاد کشمیر بھر سے آئے ہوئے مسلم کانفرنسی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے،جو خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے تاہم ہندوستان کو یا د رکھنا چاہیے کہ اس نے آزاد کشمیر کی شہری آبادی پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا یا جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو آزاد علاقہ کے عوام کیلئے ہندوستان کے خلاف ہتھیار اٹھا کر لڑنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا دفاع کرنے والی افواج پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ دفاع وطن اور دشمن کے مزموم عزائم خاک میں ملانے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر جان کی بازی لگانے کیلئے تیار ہے