نیب نے تاجروں کے تحفظات دور کرنے کیلئے 6 رکنی کمیٹی بنا دی
اسلام آباد ( نا مہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے تاجر برادری کے تحفظات اور جائز شکایات کے ازالہ کے لیے6رکنی کمیٹی قائم کردی ہے،کمیٹی بزنس کمیونٹی کے متعلق کسی بھی مسئلہ پر اپنی سفارشات چیئرمین نیب کو پیش کرے گی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے معیشت کی بہتری، تاجر برادری کے تحفظات اور جائز شکایات کے ازالہ کے لیے نیب آرڈیننس 1999کے سیکشنC 33- کے تحت دیے گئے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کی مشاورت کے بعد ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ چھ اراکین پر مشتمل ہو گی۔ کمیٹی میںنائب صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری افتخار علی ملک، صدر پاکستان فیڈریشن آف چیمبر اینڈ انڈسٹری دارو خان اچکزئی، سابق صدر بنک الفلاح عاطف باجوہ، صدر لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نجم نثار، چئیرمین ملت ٹریکٹرزسکندر مصطفی خان، سابق چیف سی پی ایل سی، کراچی جمیل یوسف شامل ہیں، مذکور ہ کمیٹی بزنس کمیونٹی کے متعلق کسی بھی مسئلہ پر اپنی سفارشات چیئرمین نیب کو پیش کرے گی۔ جن کا مکمل جائزہ نیب کی تین رکنی کمیٹی جو کہ ڈپٹی چئیرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹبیلٹی نیب ا ور ڈی جی آپریشن نیب پر مشتمل ہو گی جو ہرسفارش کا انتہائی گہرائی اور گیرائی سے جائزہ لے کر اپنی حتمی سفارشات چئیرمین نیب کو پیش کرے گی اور بغیر کسی تاخیر کے قانون کے مطابق اس کا فیصلہ کر دیا جائے گا۔ بزنس کمیونٹی کی مذکورہ کمیٹی اپنی معروضات براہ راست چئیرمین نیب کوبھی پیش کر سکے گی اور باہمی افہام و تفہیم سے ہر مسئلہ کا قانونی حل نکالا جائے گا۔ اس ضمن میں چئیرمین نیب کا فیصلہ حتمی ہو گا۔ جو ریفرنس دائر ہو چکے ہیں ان کے بارے میں شکایات قابل پزیرائی نہیں ہوں گی۔ بزنس کمیونٹی کی مذکورہ کمیٹی کی حیثیت صرف مشاورتی ہو گی اور نیب کو قانونی طور پر تفویض کردہ اختیارات کے استعمال پر کوئی قد غن نہیں ہو گا۔ نیب بزنس کمیونٹی کا انتہائی احترام کرتا ہے اور ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی اور معیشت کی بہتری کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا کیونکہ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی صرف اورصرف ریاست پاکستان اور اس کی خوشحالی سے ہے۔