دورہ آسڑیلیا: ٹیسٹ ٹی ٹونٹی کیلئے قومی ٹیم کا اعلان ، سرفراز کی چھٹی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا گیا۔ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں ناقص کارکردگی پر سابق کپتان سرفراز احمد سمیت چھ کھلاڑی ٹی ٹونٹی سکواڈ سے باہر ہو گئے جبکہ فیصل آباد میں جاری ٹی ٹونٹی سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں موقع دیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے گذشتہ روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچز کے لیے قومی سکواڈز کا اعلان کیا۔ ٹی ٹونٹی سکواڈ کے کھلاڑیوں میں بابر اعظم (کپتان)، آصف علی، فخز زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان، موسٰی خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ سری لنکا کے خلاف ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کپتان سرفراز سمیت احمد شہزاد، عمر اکمل، محمد نواز، عثمان شنواری اور فہیم اشرف دورہ آسٹریلیا کے لیے سکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے جبکہ ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خوشدل شاہ، موسٰی خان، عثمان قادر، امام الحق، محمد رضوان اور محمد عرفان کو قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کیا گیا۔ آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اعلان کردہ سکواڈ میں اظہر علی (کپتان)، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، موسٰی خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ اس موقع پر ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف دونوں سیریز کے لیے جارحانہ حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے کیونکہ اسی حکمت عملی کے تحت آسٹریلیا کو شکست دی۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں نسیم شاہ اور موسٰی خان کی کارکردگی اور فارم بہت اچھی جا رہی ہے جس کی بنا پر انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں موقع دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا کلیئر ایک ہی میسج ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا جو ہمارا فیوچر ہیں۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کا اعلان دونوں ٹیموں کے کپتانوں سمیت ڈومیسٹک کوچز کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ سرفراز احمد کو ہٹانے کے حوالے سے میڈیا میں بہت ساری چیزیں آ رہی تھیں اس سلسلہ میں میری چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے جن کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ناقص کارکردگی کی بنا پر انڈر پریشر ہیں جس سے نکالنے کے لیے انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی فارم کو بحال کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔ سرفراز احمد ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگای دکھا کر قومی ٹیم میں کم بیک کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ محمد حسنین کو لمبی کرکٹ میں شامل نہیں کیا جا رہا ہے کیونکہ ابھی چار روزہ کرکٹ کے لیے ان کی فٹنس نہیں ہے۔