خورشید شاہ کیخلاف نیا نیب کیس کھل گیا
سکھر (نوائے وقت رپورٹ/ آئی این پی) نیب نے رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ کیخلاف نیا کیس کھول دیا۔ پاکستان سٹیل ملز کی ریگولرائزیشن پر نیب کی تحقیقات شروع کر دیں۔ نیب نے اسٹیبشلمنٹ ڈویژن سے تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔ گریڈ ایک سے 15تک کے ملازمین کے خلاف ضابطہ بھرتیوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ نیب کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھ دیا گیا کابینہ کے فیصلہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔ ادھر احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں پندرہ روز کی توسیع کرتے ہوئے 4 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق سکھر کی احتساب عدالت میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے خلاف اثاثہ جات کیس پر سماعت ہوئی، خورشید احمد شاہ کو ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد چوتھی بار احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت شروع ہوئی تووکیل نیب نے کہا عدالت کے حکم پر ڈاکٹروں نے خورشید شاہ کامیڈیکل چیک اپ کیا، میڈیکل رپورٹ میں مجموعی حالت تسلی بخش قراردی گئی۔ وکیل نیب نے نیب کی جانب سے کی گئی تحقیقات سے عدالت کو آگاہ کیا اور کہا تحقیقات جاری ہیں، مزید ریمانڈ دیا جائے، خورشید شاہ نیب سے مکمل تعاون نہیں کر رہے، ہم کو 15دن کا مزید ریمانڈ دیا جائے۔جس پر رضا ربانی کا کہنا تھا نیب نے جو بھی سوالات دیئے ان کا جواب جمع کرا دیا گیا، 4 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم د یدیا۔