پی ٹی وی حملہ کیس ،شاہ محمود ، اسد عمرسمیت 10ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور
اسلام آباد(نا مہ نگار)انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی وی ،پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود سمیت دس ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرلیں جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے 2014کے دھرنے میں پی ٹی آئی کارکنان کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج کرنے کے حوالے سے درخواست کی بھی سماعت کی،انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو نوٹس جاری کر دیا ۔ دور ان سماعت جج راجہ جواد عباس نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پرانے دھرنا کیسز نمٹنے نہیں نیا دھرنا بھی آ رہا ہے، ان کیسز کو جلد نمٹا لیں اگلا دھرنا بھی آ رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ لگتا ہے اب سب سے زیادہ مصروف ججز میں اور شارخ ارجمند صاحب ہونے والے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے ملزم کارکنان کے وکیل بالآخر کمرہ عدالت میں پھٹ پڑے ، وکیل احسن سیال نے کہاکہ پی ٹی آئی کی وجہ سے ہمیں سیاسی اور عدالتی محازوں پر نقصان ہو رہا ہے۔پیر کو پانچ سال سے زیر التوا پی ٹی وی ،پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج راجا جواد عباس نے کی۔سماعت کے دوران راجہ جواد عباس نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پرانے دھرنا کیسز نمٹنے نہیں نیا دھرنا بھی آ رہا ہے، ان کیسز کو جلد نمٹا لیں اگلا دھرنا بھی آ رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ لگتا ہے اب سب سے زیادہ مصروف ججز میں اور شارخ ارجمند صاحب ہونے والے ہیں،پاکستان عوامی تحریک کے ملزم کارکنان کے وکیل احسن سیال کمرہ عدالت میں پھٹ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے ہمیں سیاسی اور عدالتی محازوں پر نقصان ہو رہا ہے۔ وکیل نے کہاکہ ہمارے غریب کارکنان دور دراز سے آتے ہیں پی ٹی آئی کی وجہ سے کیسز کا فیصلہ نہیں ہو پا رہا۔ جج نے کہاکہ پی ٹی آئی اب حکومتی جماعت ہے لیکن اپنے موقف میں واضح نہیں لگ رہی۔ علیم خان کے وکیل پیش نہ ہوئے، عدالت نے پیش ہونے کے لئے ساڑھے گیارہ بجے تک کا وقت دیدیا۔ جج نے کہاکہ وکیل شاہد گوندل پیش ہوں ورنہ علیم خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دونگا۔ وکیل شاہ محمود قریشی ، علی بخاری نے کہاکہ دس ملزمان کی بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں عدالت اجازت دے تو دلائل دونگا۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود سمیت دس ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرلیں ۔ وکیل علی بخاری نے کہاکہ نواز شریف کے خلاف مقدمے کے اخراج سے متعلق شاہ محمود قریشی سے ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کرونگا۔وقفہ کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو شاہد گوندل کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے ۔معاو ن وکیل نے کہاکہ شاہد گوندل لاہور ہائیکورٹ میں مصروفات کی وجہ آج پیش نہیں ہو سکتے،معاون وکیل نے کہاکہ اگلی سماعت تک وقت دیں شاہد گوندل پیش ہوں گے۔ بعد ازاں عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی 19 نومبر تک ملتوی کر دی ۔دوسری جانب عدالت نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے 2014کے حکومت مخالف دھرنے کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج کرنے کے حوالے سے درخواست کی بھی سماعت کی،انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو نوٹس جاری کر دیا ہے،شاہ محمود قریشی نے نوازشریف سمیت دیگرکیخلاف اندراج مقدمہ کیلیے عدالت سے رجوع کیاتھا۔ سماعت19نومبر تک ملتوی کردی گئی۔