دھرنا اقتدار سے محرومی کا درد، عمران خان مائنس کوئی آپشن نہیں: فردوس عاشق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے۔ سندھ کے عوام چوپٹ راج سے بیزار ہیں اور وزیراعظم کراچی کے دکھوں کا مداوا اور روشنیوں کو نئی ضیاء دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے قائدین سے ملکر اصلاح احوال کی راہ ہموار کریں گے ۔ پاکستان میں عمران خان مائنس کا کوئی آپشن نہیں یہ دھرنا اقتدار سے محرومی کا درد ہے۔ اسے عمران خان کے دھرنے سے نہ جوڑا جائے۔ پاک سرزمین کا دفاع کرنے والے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ فضل الر حمان خود کنفیوز ہیں ابھی تک مارچ یا دھرنے کافیصلہ نہیں کر پائے۔ حکومت احتجاج کا حق نہیں دبائے گی۔ بلاول اپنی بد انتظامی کوتاہی کو جانچنے کی بجائے وفاقی حکومت پر چڑھ دوڑتے ہیں، ہم نے حکمت عملی بنا لی ہے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ مولانا وزیراعظم سے استعفے مانگیں تو کیا ان کی مولا جٹ والی بڑھکیں سنتے رہیں۔ پی ٹی آئی کا دھرنا قانون کی حکمرانی کیلئے تھا۔ ہر بھارتی جارحیت کا بھر پور جواب دیں گے۔ ملکی دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ حکومت مولانا فضل الرحمان کے سیاسی ہتھکنڈوں سے غافل نہیں ہے مولانا اپنے ذاتی مفادات کیلے مدرسے کے معصوم بچوں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ مولانا کی ڈوریاں جیل میں بیٹھے سزا یافتہ مجرم ہلا رہے ہیں۔ آج عمران سے سب سے زیادہ تکلیف مودی کو ہے۔ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے مودی کے بیانیے کو تقویت دے رہے ہیں۔