31 اکتوبر: سپریم کورٹ بار کی صدارت کیلئے انتخابی مہم عروج پر، محمد شعیب شاہین، سید قلب حسین میں مقابلہ ہو گا
لاہور (رپورٹ۔ ایف ایچ شہزاد) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کی انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی۔ انتخابات 31 اکتوبر کو ملک کے بڑے شہروں میں منعقد ہو رہے ہیں۔ ملک بھر کے مختلف سٹیشنز پر 3179 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشنز کے دفاتر کے علاوہ بہاولپور، ملتان، راولپنڈی، ایبٹ آباد، سکھر میں پولنگ سٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ صدر کے عہدے کے لیے دو امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے۔ محمد شعیب شاہین اور سید قلب حسن صدارت کا تاج اپنے سر سجانے کے لیے کوشش کریں گے۔ نائب صدر کے لیے امیدواروں میں پنجاب سیٹ سے چودھری غلام مرتضیٰ اور یونس نول شامل ہیں۔ بلوچستان سیٹ کیلئے انوارالحق کاکڑ اور خالد احمد بلوچ شامل ہیں۔ سندھ سیٹ کے لیے عنایت اللہ موریو، یوسف مولوی اور عدنان احمد کے مابین مقابلہ ہو گا۔ن ائب صدر خیبر پختونخواہ کے امیدواروں میں اورنگ زیب اسد خان اور سید ولایت علی شاہ بخاری شامل ہیں۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کے عہدے کے لیے اب تک سامنے آنے والے ناموں میں شمیم الرحمان ملک، اور احمد شہزاد فاروق رانا ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری کے امیدوار چوہدری محمد شعیب اور سید رفاقت حسین شاہ ہیں۔ فنانس سیکرٹری کے امیدواروں میں علی احمد خان رانا، ریاض حسین اعظم اور شیرین عمران شامل ہیں۔ ایگزیکٹو ممبران پنجاب کے امیدواروں میں احسان قادر سیال، رائے محمد طفیل کھرل، رائے طارق سلیم، چوہدری محمد ابراہیم، میاں طارق منظور، رانا غلام سرور اور سجاد حسین بھٹی شامل ہیں۔ ایگزیکٹو ممبران بلوچستان کے امیدوار لیاقت علی ترین، محمد محمود صادق کھوکھر، محمد ناصر کاسی، نصیب اللہ خان کاسی، ثروت مختار اور شمس الرحمن رند ہوں گے۔ ایگزیکٹو ممبران خیبر پختون خواہ میں احمد تنویر مغل، ارباب شبیر احمد، ارشد جمال قریشی، محمد اشرف ہاشمی اور محمد یوسف مغل شامل ہیں۔ ممبران ایگزیکٹو کمیٹی بہاولپور اور راولپنڈی کے امیدوار عامر عجم ملک، کوثر عرفان بھٹی، محمد وسیم شہاب ہیں۔ محمد اسحاق، نوید الحق چوہدری، نثار احمد اور سیف علی خان سندھ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے امیدوار ہیں۔ چیئرمین الیکشن بورڈ افراسیاب خان نے انتخابات کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کے دن ہی رات ساڑھے آٹھ بجے تک الیکشن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر دوبارہ گنتی کے حوالے سے عمل کا سلسلہ 4نومبر تک ہو گا جبکہ انتقال اقتدار کے حوالے سے تقریب 5نومبر کو منعقد کی جائے گی۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد 3179ہے ان میں صوبہ بلوچستان میں 202، خیبر پختونخواہ میں 292، پنجاب کے شہر بہاولپور میں 95، اسلام آباد ، راولپنڈی میں 519، لاہور میں 1308، اور ملتان اسٹیشن میں 209، اسی طرح صوبہ سندھ میں کل ووٹوں کی تعداد جو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ان میں 554ہے۔ امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم کو تیز کر دیا گیا ہے بار ایسوسی ایشنوں اور وکلا چیمبرز میں امیدوار انہیں ووٹ دینے کے لیے وکلا کو قائل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ بیشتر امیدواروں نے لاہور کو اپنی انتخابی مہم کا مرکز بنایا ہوا ہے۔ ملک کی سیاسی صورتحال اور وکلاء کے مسائل کے حوالے سے انتخابات کی بہت اہمیت ہے۔