جج ویڈیو کیس‘ انسداد دہشت گردی کی عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد
اسلام آباد (وقائع نگار) انسداد الیکٹرانک کرائم کی عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے جج وڈیو کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ اسلام آباد کی انسداد الیکٹرانک کرائم کی عدالت کے جج طاہر محمود نے جج وڈیو کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت منتقل کرنے کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔ ایف آئی اے نے مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات شامل کیے جانے کے باعث مقدمہ کی منتقلی کی استدعا کی تھی جبکہ ملزمان کے وکلا نے مخالفت میں دلائل دیئے تھے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر مکمل چالان جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب جج ویڈیو کیس کے ملزم ناصر بٹ نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کا پاکستان میں دفتر خارجہ کی اجازت کے بغیر دستاویزات کی تصدیق سے انکار پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔