لاہور: پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس پر سماعت کی۔ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب نے ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر سے تفتیش مکمل کر لی اور ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔
سماعت کے دوران نیب نے ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزموں کے مزیدجسمانی ریمانڈ نہ لینے کی درخواست کی۔ سابق وائس چانسلر کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جب تفتیش میں کچھ ثابت نہیں ہوا تو تمام ملزمان کو رہا کیا جائے۔ نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجا جائے۔ جس پر عدالت نے ملزمان کو جیل بھجوانے کی نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔