بلے بازوں کا سیٹ ہوکر وکٹ گنوانا کمزوری، بہتری کیلئے محنت کرنا ہوگی:سرفراز احمد
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو سپن کے شعبے میں بہتری کی ضرورت محسوس ہونے لگی۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کے بیٹسمینوں کے سیٹ ہوکر وکٹ گنوانے سمیت چند کمزوریاں ہیں، ان پر قابو پانے کیلئے محنت کرنا ہوگی، پاکستان کا سپن کا شعبہ اچھا لیکن اس میں بھی بہتری لانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے،ہم مزید تجربہ حاصل ہونے پر کارکردگی میں نکھار آنے کی توقع کرسکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ابوظبی ٹیسٹ میں فتح کے بعد مورال بلند ہوا، امید ہے کہ کھلاڑی بھرپور عزم کے ساتھ محنت کرتے ہوئے خامیوں کو دور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔کپتان نے کہا کہ ابوظبی میں فتح سے ایک سبق سیکھاکہ کبھی امید کا دامن نہ چھوڑو، 57 پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد کم بیک اور پھر اتنی بڑی فتح کم ہی دیکھنے میں آتی ہے لیکن کھلاڑیوں نے یہ کردکھایا، میں نے خود بھی بطور کپتان مشکل حالات سے لڑنا اور دوسروں کو ساتھ لے کر چلنا سیکھا، ٹیل اینڈرز بلال آصف، یاسر شاہ اور محمد عباس نے اپنا حصہ ڈالتے ہوئے پہلی اننگز میں بہتر ٹوٹل حاصل کرنے میں کافی مدد کی، اسی اعتماد کو لے کر آگے بڑھتے ہوئے ایک مضبوط ٹیم میں ڈھلنے کیلئے کوشش جاری رکھیں گے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا آغاز 24اکتوبر سے ہورہا ہے۔ قومی کھلاڑی آج پریکٹس کریں گے۔ٹیسٹ سیریز میں فتح کے جھنڈے لہرانے کے بعد پاکستان کو اب مختصر فارمیٹ میں کارکردگی دکھانا ہوگی۔ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔سرفرازالیون آج سے تیاریوں کاآغاز کرے گی۔ پریکٹس سیشن میں فیلڈنگ، بائولنگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ بیٹسمین ہارڈ ہٹنگ کی بھی مشقیں کریں گے۔پاکستان ‘آسٹریلیا ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز بدھ سے ہورہا ہے۔ پہلے میچ میں دونوں ٹیمیں ابوظبی کے میدان میں آمنے سامنے آئیں گی۔