یوتھ اولمپکس میں برانز میڈلیسٹ پہلوان عنایت اﷲ کا وطن واپسی پر شاندار استقبال
لاہور(سپورٹس رپورٹر) یوتھ اولمپکس میں پاکستان کے لیے برانز میڈل حاصل کرنے والے پہلوان عنایت اﷲ وطن واپس پہنچ گئے۔ لاہور ائر پورٹ پر قومی ہیروں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ بیونس آئرس ارجنٹینا میں منعقد ہونے والی یوتھ اولمپکس گیمز میں پاکستان کے عنایت پہلوان نے برانز میڈل پوزیشن کے میچ میں امریکی پہلوان کو شکست دیکر پاکستان کے لیے برانز میڈل جیتا تھا۔ لاہور پہنچنے پر پہلوان عنایت اللہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر کامن ویلتھ گیمز 2018 ء کے اور ورلد بیچ ریسلنگ چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلوان انعام بٹ اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ارشد ستار سمیت شائقین کی بڑی تعداد ائرپورٹ موجود تھی جنہوں نے پہلوان پر پھولوں کی پتیاں نچاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے۔ اس موقع پرپہلوانعنایت اللہ کا کہنا تھا کہ میں اپنی اس جیت کو پاکستان کے نام کرتا ہوں۔ حکومت ہمیں سپورٹ کرے تو ہم ملک کا نام مزید روشن کر سکتے ہیں۔