الیکشن کے دوران کئے گئے وعدے پورے کروں گا‘ شیخ راشد شفیق
راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ) ضمنی الیکشن میں راجہ عبدالباسط مسکین سمیت تمام دوستوں نے بہت کام کیا الیکشن میں عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کروں گا۔ ترقیاتی کاموں کا جال بچھاؤں گا۔ عوام کے دیرینہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا ان خیالات کا اظہار نومنتخب رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے پی ٹی آئی کے رہنما راجہ عبدالباسط مسکین کی رہائش گاہ منگرال ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے راجہ عبدالباسط مسکین کو مٹھائی پیش کی اور خصوصی شکریہ ادا کیا۔راجہ عبدالباسط مسکین نے کہا کہ شیخ رشید اور راشد شفیق کی قیادت میں مسائل حل کرینگے ۔ شیخ راشد کی کامیابی حق اور سچ کی فتح ہے۔ دریں اثناء شیخ راشد شفیق نے شکریہ مہم کے سلسلے میں اتوار کو چکلالہ کینٹ کے علاقوں جھنڈا چیچی‘ ڈھوک چراغ دین اور مریڑ حسن کا دورہ کرکے کارکنوں اور ووٹروں سے ملاقاتیں کیں اور کہا کہ لال حویلی کے دروازے ہمیشہ کی طرح عوام کے لیے کھلے رہیں گے اور میں عمران خان کے ویژن اور شیخ رشید احمد کے جذبہ خدمت کے مطابق عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھوں گا۔