چالان پر خودسوزی کی کوشش، رکشہ والوں کا 100، 150 روپے کا چالان کیا جائے: کراچی پولیس چیف
کراچی(صباح نیوز) ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے چالان کرنے پر گزشتہ روز خود سوزی کی کوشش میں جھلسنے والے رکشہ ڈرائیورنے امدادلینے سے انکارکردیا اس کی عیادت کے بعد کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ رکشے والوں کا 100 سے 150 روپے سے زائد کا چالان نہ کیا جائے جبکہ آئی جی سندھ نے نوٹس لے کر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔ کراچی پولیس چیف نے ٹریفک پولیس کو حکم دیا ہے کہ جو غریب ہوں ان کو وارننگ دیکر چھوڑ دیں۔کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے سول اسپتال کے برنس وارڈ میں گزشتہ روز خودکشی کی کوشش کرنے والے رکشا ڈرائیور کی عیادت کی اور امدادی رقم کا چیک پیش کیا تاہم رکشا ڈرائیور اور اس کے اہل خانہ نے امدادی رقم لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مدد نہیں انصاف چاہیے۔ واضح رہے گزشتہ روز صدر تھانے کے باہر ایک رکشہ ڈرائیور خالد نے خود سوزی کی کوشش کی تھی جسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔رکشہ ڈرائیور نے خودسوزی کی کوشش سے قبل اپنے خط میں تحریر کیا تھا کہ وہ خودکشی گھریلو پریشانی یا کسی اور وجہ سے نہیں کر رہا، بلکہ اے ایس آئی حنیف نے اس سے 50 روپے رشوت طلب کی اور انکار پر چالان کردیا۔ علاوہ ازیںکراچی پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے ذاتی تنازعہ پر بعض پولیس افسران کی ناانصافی کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر دھرنا دے کر احتجاج کیا تاہم ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے پہنچ کر دھرنا ختم کرایا اور اسے انصاف دلانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے گاڑی میں بٹھا کر ساتھ لے گئے۔ پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد میں تعینات اے ایس آئی غلام رسول کے مطابق اس پر حملے میں منشیات فروشوں قبضہ مافیا اور دیگر جرائم پیشہ افراد ملوث تھے جن کے خلاف سعید آباد پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا بلکہ ایف آئی آر توڑ مروڑ کر کاٹی گئی۔غلام رسول نے پولیس کے ایک ڈی ایس پی پر الزام لگایا کہ مقدمہ خراب کرنے اور ملزمان کی سرپرستی میں وہ ملوث تھا، غلام رسول کے مطابق پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا اور اس پر ملزمان سے صلح کرنے کے لیے دباو ڈالا جاتا رہا۔اے ایس آئی غلام رسول کے مطابق وہ داد رسی کیلئے پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کے پرنسپل شاد ابن مسیح کے پاس گیا تو انہوں نے تبادلہ کرا کر چلے جانے کا کہا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام رسول کا کہنا تھا کہ اس نے انصاف کے لیے بہت کوشش کی مگر ناکام رہا مایوس ہوکر احتجاج کیلئے پریس کلب پہنچا ہے۔