گلگت: گلگت بلتستان کے حلقہ 3 میں آج پولنگ کا عمل جاری ہے۔ 21 امیدواران میدان میں موجود ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق سمیت سیاسی جماعتوں کے 21 امیدواران میدان میں موجود ہیں جبکہ پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا اور اس دوران ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
گلگت بلتستان حلقہ 3 میں پی ٹی آئی کے امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی ہو گئے تھے۔
پولنگ کے لیے ٹوٹل 74 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ 41 ہزار 360 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ سہیل عباس، ذوالفقار علی، الطاف حیدر اور کیپٹن (ر) محمد شفیع کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہے۔
کورونا صورتحال کے پیش نظر تمام پولنگ اسٹاف، سیکیورٹی اہلکاروں اور ووٹرز کو ماسک بھی مہیا کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔
دوسری جانب دیامر کے حلقہ 3 ڈوڈشال کے خواتین پولنگ اسٹیشن نمبر 31 پر دوبارہ پولنگ کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا۔ انتخابی نتائج کے خلاف جاری احتجاج اور امن و امان کی وجہ سے دوبارہ پولنگ ملتوی کی گئی ہے۔
غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کےمطابق اس حلقے پر جے یو آئی کے رحمت خالق 5 ہزار 498 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں اور پی ٹی آئی امیدوار حیدرخان کو 48 ووٹوں سےشکست ہوئی۔