کورونا کے خاتمے کیلئے ملٹی نیشنل کمپنیاں ، ادارے ، سول سوسائٹی ، ساتھ دیں :افتخار شالوانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ملٹی نیشنل کمپنیاں، ادارے اور سول سوسائٹی انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ اس مہلک وباء سے شہریوں کی قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے، کراچی کے چار اضلاع میں اسمارٹ اور دو میں مائیکرو لاک ڈائون کا فیصلہ بھی شہریوں کے بہتر مفاد میں کیا گیا ہے، بند مقامات جن میں شادی ہالز، آڈیٹوریم اور ریسٹورنٹس شامل ہیں ان میں کسی بھی قسم کی تقریبات کی اجازت نہیں دی جائے گی، یہ بات انہوں نے ہفتے کے روز کمشنر آفس میں سیلولر فون کمپنی کی جانب سے کوویڈ سے بچائو کے حفاظتی سامان عطیہ کئے جانے کے موقع پر کہی، میٹروپولیٹن کمشنر سید صلاح الدین، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر علی، سیلولر کمپنی کے ریجنل بزنس ہیڈ سائوتھ علی فہد احمد، ریجنل ہیڈ کوآپریٹو میاں حیدر شاہ، منیجر کوآپریٹ اینڈ ریگولیٹری افیئرز سندھ شہزاد عباسی اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کوویڈ ایک بار پھر تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی بنیادی وجہ شہریوں کی بے احتیاطی، ماسک کا عدم استعمال، سماجی فاصلے کا برقرار نہ رکھنا اور مسلسل تقریبات کا انعقاد ہے انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں ، شاپنگ سینٹرز، شاپنگ مالز میں شہریوں کا بغیر کسی احتیاطی تدابیر کے خریداری کے لئے جانا کورونا وائرس کے پھیلنے کا سبب بن رہا ہے جس کو روکنے کے لئے سخت انتظامات کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف اسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو باعث تشویش ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ مختلف ادارے اور سول سوسائٹی شہریوں میں اس وباء کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، مخیر حضرات اور ادارے ماسک اور حفاظتی سامان کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سیلولر کمپنی کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیگر ادارے بھی اس کی تقلید کرتے ہوئے کراچی کے مختلف اسپتالوں اور مضافاتی علاقوں کے شہریوں کے لئے ماسک ، سینیٹائزر اور دیگر حفاظتی اشیاء پہنچائیں تاکہ عالمی سطح پر پھیلی ہوئی اس وباء کا موثر مقابلہ کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کراچی میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر وباء کے پھیلنے کا خدشہ ہوا تو کراچی کے مزید علاقوں میں لاک ڈائون کیا جائے گا اور بعض علاقوں کو مکمل طور پر بند بھی کیا جاسکتا ہے، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی اقدامات کو ہر صورت میں اپنائیں تاکہ اس وباء سے بچا جاسکے ۔