مولاناخادم حسین رضوی کا وصال عظیم سانحہ ہے‘مفتی محمدجان نعیمی
کراچی (نیوز رپورٹر) مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے امیر مفتیء اعظم سندھ صاحبزادہ مفتی محمدجان نعیمی نے امیر تحریک لبیک پاکستان علامہ خادم حسین رضوی کے سانحہء ارتحال پر دلی رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ امام عزیمت،صاحب غیرت وحمیت، پاسبان ناموس رسالت،محافظ عقیدہء ختم نبوت،امیر المجاہدین،شیخ الحدیث حضرت مولاناحافظ خادم حسین رضوی کا وصال عالم اسلام کے لئے عظیم سانحہ ہے، وہ مقبول بارگاہ رسالت تھے،مختصروقت میں انہوں نے جو دین کا کام کیااس کی نظیر نہیں ملتی،وہ مصطفی کریم ﷺ کے سچے سپاہی تھے۔انہوں نے کہاکہ مولاناخادم حسین رضوی نے کروڑوں مسلمانوں کے دلوں میں آقاکریم ﷺ کی محبت وعظمت کی شمع روشن کی ،باطل کے ایوانوں میں زلزلہ بپاکرنے والے عظیم مردمجاہد کی گراںقدرخدمات کو ہمیشہ یادرکھاجائے گا۔انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مولاناخادم حسین رضوی کے اہل خانہ، تلامذہ، تحریک کے تمام ذمہ داران وکارکنان اور جمیع اہلسنّت کو اس عظیم سانحے پر صبر جمیل عطافرمائے اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کی توفیق عطافرمائے۔علاوہ ازیں تنظیم المدارس اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر وسربراہ جمعیت علمائے مجددیہ نعیمیہ صاحبزادہ مفتی نذیر احمدجان نعیمی نے امیر تحریک لبیک پاکستان علامہ خادم حسین رضوی کی رحلت پر تعزیت اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعاکی ہے۔