پارلیمانی نظام کی رخصتی عنقریب ہو گی‘ طاہر عزیز خان
کراچی ( نیوز رپورٹر ) ہم عوام پاکستان کے سربراہ طاھر عزیز خان نے کہا ہے کہ پارلیمانی نظام کی رخصتی عنقریب ہو گی 31 دسمبر 2020 تک موجودہ پارلیمانی نظام کا سورج غروب ہو جائے گا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہم عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ موجودہ پارلیمانی نظام آخری ہچکیاں لے رہا ہے جسے وینٹی لیٹر کے ذریعے مردہ نظام کو زندہ رکھنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ اب نظام کی تبدیلی سالوں اور مہینوں کی نہیں بلکہ ہفتوں کی بات ہے طاھر عزیز خان نے کہا کہ کرپٹ پارلیمانی نظام نے ریاست کو یرغمال بنا کر ناکارہ اور کمزور کر دیا ہے جس کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے انہوں نے کہا کہ اسلامی صدارتی نظام قوم کا مقدر ہے اس سلسلے میں ہماری جماعت نے پہلے مرحلے میں عدالت عظمیٰ اور دوسرے مرحلے میں عوامی عدالت سے رجوع کیا ملک بھر میں اسلامی صدارتی نظام کے حق میں مظاہرے اور کامیاب ریلیوں نے ثابت کر دیا کہ عوام ذہنی اور دلی طور پر اسلامی صدارتی نظام کے لئے پور عزم ہیں چیئرمین ہم عوام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت ملک بھر میں عوامی سطح پر ریفرینڈم کے انعقاد کے پروگرام کو حتمی شکل دے رہی ہے پہلے مرحلے میں صوبہ سندھ میں ریفرینڈم کرایا جائے گا۔