تھل جیپ ریلی: سٹاک اور ویمن کیٹگری میں 52گاڑیوں کی شرکت، فائنل رائونڈ آج ہوگا
ملتان‘ مظفرگڑھ(سپورٹس رپورٹر‘ نامہ نگار)پانچویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، جس میں سٹوک کیٹگری اور خواتین کی گاڑیوں کے مقابلے ہوئے،سٹوک کیٹگری میں 49گاڑیوں نے جبکہ خواتین کی 3گاڑیوں نے حصہ لیا۔ دوسرے مرحلے کا افتتاح چیئرمین ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب ڈاکٹر سہیل چیمہ نے کیا، اس موقع پرصوبائی مشیر زراعت عبدا لحئی خان دستی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس، منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی شیخ تنویر جبار،اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادوڈاکٹر فیاض احمد بھی ان کے ہمراہ تھے، چیئرمین ٹی ڈی سی پی ڈاکٹر سہیل چیمہ نے کہا کہ پنجاب بھر میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی جیسے پروگرام منعقد کرائے جارہے ہیں، کورونا کے باعث پانچویں جیپ ریلی کو محدود کیا گیا ہے تاکہ اس کے تسلسل کو قائم رکھا جائے، اس مرتبہ ٹریک کا فاصلہ بھی کم کر کے 105کلو میٹر رکھا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ جیپ ریلی سے ملحقہ اضلاع کی عوام کو ایک صحت مند تفریحی میسر ہورہی ہے، آئندہ سالوں میں اس کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جائے گا، صوبائی مشیر برائے زراعت عبدالحئی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وڑن کی روشنی میں پنجاب بھر میں سیاحت کو فروغ دیا جارہا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس نے کہا کہ جیپ ریلی کو کامیاب بنانے اور دنیا بھر میں متعارف کرانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔صوبائی مشیر برائے زراعت عبدالحئی خان دستی نے سٹاک کیٹگری کے کوالیفائیڈراونڈ کے ونرتنویر خواجہ کو ٹریک پر روانہ کرتے ہوئے ریس کا آغاز کرایا، بعد ازاں یکے بعد دیگر 5منٹ کے وقفے سے گاڑیوں کو ٹریک پر روانہ کیا گیا، خواتین کیٹگری میں سلمیٰ خان،رتشنہ پٹیل اور رخشندہ ریس کا حصہ تھیں۔سٹوک کیٹگری اور خواتین کی گاڑیوں کا یہ مقابلہ لیہ کی تحصیل چوبارہ میں اختتام پذیر ہوا،نتائج کا اعلان آج22نومبر کو فیصل سٹیڈیم میں ایک تقریب میں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ تھل جیپ ریلی کی وومن کیٹگری میں صرف 3خواتین نے حصہّ لیا جس میں سے ایک خاتون تشنہ پٹیل کی گاڑی خراب بھی ہو گئی اور وہ ریس سے باہر ہو گئیں۔اس طرح خاتون ریسر سلمیٰ نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔