وزیر اعظم کی انتخابی اصلاحات خوش آئند: مصطفی کمال
کراچی (نیوز رپورٹر)چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفی کمال نے وزیراعظم عمران خان کی انتخابی اصلاحات کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعظم کا انتخابی اصلاحات کا اعلان دیگر اعلانات کی طرح محض اعلان کی حد تک محدود نہیں رہے گا۔ حکومت اور اپوزیشن اقتدار کی رسہ کشی چھوڑیں اور جمہور کی طرف توجہ دیں تاکہ جمہوریت مضبوط ہوسکے، حکومت اور اپوزیشن اگر واقعی جمہوریت پر یقین رکھتی ہیں تو انتخابی اصلاحات کر کے جمہوریت کو مضبوط بنائیں تاکہ آئندہ کوئی بھی انتخابات چوری نہ کر سکے اور نا الزام لگا سکے۔ عوام کا اعتماد صرف اسی صورت میں بحال ہوسکتا ہے جب انتخابی اصلاحات کی جائیں گی۔ کشمور سے کراچی تک کی تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لحاظہ پیپلزپارٹی اور بلاول زرداری کو زیب نہیں دیتا کہ وفاق پر انگلی اٹھائیں جبکہ وفاقی حکومت زرداری اور نواز شریف پر کرپشن کے الزامات کو چھوڑیں اور آج سرکاری محکموں میں ہونے والی کرپشن کو روکیں۔ مثالی بلدیاتی نظام بنانے کا اعلان تو کیا جاتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمارے نام نہاد جمہوری حکمرانوں کو اختیارات نیچے دینے میں جان نکلتی ہے، جمہوری حکمرانوں نے ملک بھر میں بلدیاتی حکومتوں پر جمہوریت پہ شب خون مارا ہوا ہے۔ پنجاب کے 57 ہزار کونسلرز کو بیک جنبش قلم نکال دیا گیا لیکن کسی نے آواز بلند کرکہ نہیں پوچھا کہ انہیں کیوں نکالا، نواز شریف روز پوچھتے ہیں کہ مجھے کیوں نکلا مگر مسلم لیگ(ن) کے 57 ہزار کونسلرز کو نکالنے پر کوئی احتجاج نہیں، امید کرتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات پر کوئی یوٹرن نہیں لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔