کم عمر ترین انٹرنیشنل کرکٹر بننے کا حسن رضا کا ریکارڈ اب ہمیشہ برقرار رہے گا
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کے مطابق اب 15 سال سے کم عمر کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے عمر کی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے اہل ہونے کیلئے کرکٹر کی عمر کم از کم 15 سال ہونا ضروری ہے۔ 1996ء سے 2005ء کے درمیان 7 ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچ کھیلنے والے پاکستان کے حسن رضا کے پاس سب سے کم عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا ریکارڈ ہے، دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 14 سال 227 دن کی عمر میں کیا تھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے کم سے کم عمر کی پابندیاں متعارف کرانے کی تصدیق کی ہے جس کا اطلاق آئی سی سی ایونٹ، باہمی کرکٹ اور U19 کرکٹ سمیت تمام کرکٹ میں ہوگا اور یہ اصول مردوں، خواتین اور انڈر 19 کرکٹ میں ہر ایک کیلئے لاگو ہوگا۔ اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کی عمر سے متعلق کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔