ایل این جی کی فراہمی میٹرو اور کے پی ٹی میں معاہدہ
کراچی۔ ( کامرس رپورٹر ) ملک بھر میں ایل این جی کی فراہمی کیلئے میٹروگیس اور کے پی ٹی میں معاہدہ طے پاگیا اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں کے پی ٹی کے جی ایم آپریشنز ریئر ایڈمرل زکاء الرحمٰن اور میٹروپرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او اویس میر نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ اس موقع پر چیئرمین کے پی ٹی جمیل اختر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ملکی معیشت کی ترقی میں وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق انڈسٹریز کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلے میں یہ معاہدہ معاون ثابت ہوگا اس کے ساتھ گھریلو صارفین کو بھی ایل این جی کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اس سلسلے میں میٹرو کے چیف ایگزیکٹو اویس میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں انڈسٹریز سیکتر میں صنعتوں کو ایندھن کی فراہمی میں ایل این جی اپنا بنیادی کردار ادا کرے گی۔ اکانومی کو بہتر بنانے کے سلسلے میں ایندھن کرائسز کے خاتمے میں ایک پل کر کردار ادا کیا جائے گا۔ کے پی ٹی کے جی ایم آپریشن ریئر ایڈمرل زکاء الرحمٰن نے کہا کہ امید ہے ایم او یو کے دورس نتائج مرتب ہوں گے اور صارفین کو سہولتوں کی فراہمی میں مدد ملے گی۔