عمران خان کا دورہ افغانستان قیام امن کیلئے اہم اقدام ثابت ہو گا:صدر لاہور چیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے توقع ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کا دورہ افغانستان دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین اہم سنگ میل اور جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے اہم اقدام ثابت ہو گا۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ افغانستان یقینا خطے میں قیام امن کا عمل تیز اور دو طرفہ تجارت کے فروغ میں حائل موجودہ رکاوٹوں کو دور کرنے میںمددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیداران نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے افغان صدر اشرف غنی کو پاکستان آنے کی دعوت کو سراہا ہے ۔