عشق رسول ؐ ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے :عبدالعلیم خان
لاہور(نیوزرپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عشق رسول ؐ ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے کیونکہ پیارے نبی ؐ کی ذات سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے۔ہفتہ رحمت للعالمین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ نبی آخر الزماں ؐ کی ذات اقدس ہم سب کیلئے دلوں کی دھڑکن سے بڑھ کر ہے۔شان رسالت ؐ کو اجاگر کر کے وزیر اعظم عمران خان نے شاندار اقدام اٹھایا ہے جس پر ہم سب انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ؐکا ہر پہلو ہمارے لئے عملی طور پر مشعل راہ ہے اور بالخصوص نئی نسل کو اسوہ حسنہ سے آگاہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ حضرت محمد ؐ ساری انسانیت کے لئے رحمت کا بہترین عملی نمونہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام عالم کے سامنے اسلام کی صحیح تصویر کشی کی ہے اور بحیثیت اسلامی ملک ہمیں اپنی منفرد شناخت کو ضرور برقرار رکھنا ہے۔