مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، عمران: ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ آئی این پی) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مغربی یرغمالیوں کی افغانستان میں رہائی مثبت پیشرفت ہے۔ پاکستان کوخوشی ہے رہا ہونے والے مغربی یرغمالی محفوظ اور آزاد ہیں۔ امریکی صدر نے مثبت نتیجے میں سہولت دینے کی پاکستان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے پرامن مستحکم افغانستان کیلئے افغان امن و مفاہمتی عمل میں آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل کے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر سے متعلق صدر ٹرمپ کے مؤقف کو سراہا۔ وزیراعظم نے امریکی صدر سے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔ وزیراعظم نے ٹرمپ پر زور دیا کہ امریکی صدر مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی کوششیں جاری رکھیں۔ 100 دن سے زائد ہو گئے۔ 80 لاکھ کشمیری یرغمال ہیں۔ وزیراعظم نے صد رٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا صدر ٹرمپ نے کہا کہ منصوبوں کی رہائی میں سہولت کاری پر شکر گزار ہیں وزیراعظم نے امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کے ساتھ مسلسل رابطوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ٹیلی فون کرکے مہندا راجا پکسے کو سری لنکا کا نیا وزیراعظم مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے مہندا راجا پکسے کے دور صدارت میں سری لنکا کی ترقی کی تعریف کی۔ عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان ہر شعبے میں تعاون مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا وزیراعظم نے سری لنکن ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ مہندا راجا پکسے نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں مل کر کام کرنے کے عزم کو دہرایا۔ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں گلوبل فنڈز نے پاکستان میں جاری سرمایہ کاری 300 ملین ڈالر تک لے جانے کا اعلان کر دیا جس کا عمران خا ن نے خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تمام طبقات کو معیاری صحت کی فراہمی پر توجہ دے رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت میعاری اور سستی صحت کی سہولیات فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان نے گلوبل فنڈ کے وفد نے ملاقات کی۔ گلوبل فنڈ پاکستان میں ٹی بی ایچ آئی وی ایڈز اور ملیریا کیلئے سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان احساس پروگرام کے تحت کچھ نجی ہسپتالوں کو بھی پینل کر دیا گیا۔