فضل الرحمان 25یا26نومبرکواسلام آباد میں اے پی سی بلائیں گے،مشاورت مکمل
اسلام آباد ( محمد نواز رضا ۔ وقائع نگار خصوصی)باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ 25یا26نومبر2019ء کو وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔ اس سلسلے میں رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم درانی نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے قائدین سے مشاورت مکمل کر لی ہے ۔مولانا فضل الرحمنٰ جو جمعرات کو ڈیرہ اسماعیل خان تھے وہ آج اسلام آباد واپس آجائیں گے اور جے یو آئی کے رہنمائوں سے آل پارٹیز کانفرنس کے انتظامات پر مشاورت کریں گے ۔مولانا فضل الرحمنٰ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردار ی سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں وہ آل پارٹیز کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں تاحال ان کا بلاول بھٹو سے رابطہ قائم نہیں ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو بیرون ملک علاج کے لئے مقیم ہیں ۔انہوں نے اکرم درانی سے کہا ہے وہ23نومبر 2019ء تک پاکستان واپس آجائیں گے ۔اس کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ مقرر کر دی جائے ۔ جون2019 ء کے بعد یہ چوتھی آل پارٹیز کانفرنس ہو گی ۔میاں شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی عدم شرکت کے باعث مولانا فضل الرحمنٰ ایک آل پارٹیز کانفرنس منسوخ کر چکے ہیں وہ چوتھی آل پارٹیز کانفرنس کو نتیجہ خیز بنانا چاہتی ہے اس کانفرنس میں حکومت کے خلاف تحریک کو تیز تر کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔پورے ملک میں متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم پر احتجاجی جلسے منعقد ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی اور حکومت کے خلاف دبائو بڑھایا جائے گا