سی پیک بہتر مستقبل کی ضمانت ، ملکی استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا: مشاہد
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ سی پیک کے ابتدائی 22 منصوبوں میں سے 13 مکمل اور 9 مکمل ہونے کے قریب ہیں ،سی پیک پاکستان کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے، منصوبہ ملکی استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ جمعرات کو پاور چائنہ کے پورٹ قاسم پاور پلانٹ کی ماحولیات رپورٹ جاری کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد حسین نے کہاکہ پاکستان اور چین دوستی کا ڈی این اے وزیر بجلی عمر ایوب خان کے ڈی این اے میں ہے،صدر ایوب خان نے پاک چین دوستی کی بنیاد رکھی۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک کے ابتدائی 22 منصوبوں میں سے 13 مکمل جبکہ 9 مکمل ہونے کے قریب ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سی پیک کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے ،حیران کن بات یہ ہے پاکستان میں سی پیک منصوبے تیز رفتار بنیاد پر مکمل ہوئے۔انہوںنے کہاکہ سی پیک ملکی استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔انہوںنے کہاکہ سی پیک پاکستان کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔