پاکستانی قوم کشمیریوں کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے:لیاقت بلوچ
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر جماعت اسلامی و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم دل و جان سے کشمیر کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے۔بد قسمتی سے حکومت اور پالیسی ساز بزدلی اور پسپائی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔جماعت اسلامی ملک گیر یکجہتی کشمیر تحریک جاری رکھے ہوئے ہے۔22دسمبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تاریخ ساز قومی کشمیر مارچ ہوگا۔قومی قیادت کو متحد کرکے قومی کشمیر پالیسی اور کشمیر پر جارحانہ سفارتی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری پانچ روزہ مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور نہ ہی حکمرانوں کو کشمیر پر لاتعلقی اور سودے بازی کرنے دیں گے۔علماء کرام مساجد اور مدارس کے ذریعے بیس کیمپ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو متحد رکھیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کیلئے فوڈ سیکیورٹی خطرات میں ڈالدی ہے۔بیرونی قرضوں سود کی لعنت اور عالمی مالیاتی اداروں کی تابعداری سے معاشی بحران ختم نہیں ہوگا۔