تشدد کا شکار خواتین کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائیگا:کنیز فاطمہ
لاہور (لیڈی رپورٹر)چیر پرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ چدھر نے کہا ہے کہ صوبہ میںتشدد کی شکارخواتین ہمارے سنٹرز میں آئیں اور ہم سے رابطہ کریں حکومت پنجاب آپ کے ساتھ کھڑی ہے، آپ کو ظلم و زیادتی سے مکمل تحفظ دیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز محکمہ تعلقات عامہ کے کانفرنس ہال میں خواتین پر تشدد کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔انہوںنے نے کہا کہ خواتین پر تشدد کو روکنے کے لیے فرسٹ فیز میں لاہور،راولپنڈی،فیصل آباد،بہاولپوراورملتان میں چار سنٹرز بنائے جارہے ہیں جبکہ سیکنڈ فیز میں پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں بھی خواتین پر تشدد کو روکنے کے لیے سنٹرز بنائے جائیں گے۔حکومت پنجاب کا نمائندہ ہونے کے ناطے ظلم سہنے والی بہنوں سے گزارش ہے کہ وہ خود پر ہونے والے تشدد کو روکنے کے لیے ڈریں نہیں اور اپنی آواز نہ دبائیں اس مقصد کے لیے پولیس کو بھی فعال کیا گیا ہے ایسی خواتین قطعی طور پر خود کو اکیلا مت سمجھیں۔آپ اپنی آواز خود بنیں اور ہمیں آگاہ کریں۔پنجاب حکومت آپ کومکمل قانونی تحفظ دے گی کیونکہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب کا وژن ہے کہ کسی بہن بیٹی پر ظلم نہ کیا جائے اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے کثیرالمعیاد بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہا کہ شکرگڑھ کی رہائشی امرت شہزادی پرہونے والے وکلا کے تشدد کیخلاف حکومت نہ صرف ایکشن لے رہی ہے بلکہ انصاف کی فراہمی میں بھی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جارہا۔انہوں نے مزید کہا کہ امرت شہزادی اس وقت محفوظ ہے اور اسے مکمل تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔پنجاب بھر کی خواتین کے لیے امرت شہزادی کا اپنے خلاف ہونے والے تشدد کے خلاف آواز اٹھانا ایک مثال ہے یہاں یہ بات قابل اہمیت ہے کہ اس معاشرتی برائی کے خاتمے کے لیے خواتین کوہمارا ساتھ دینا ہوگا انہوں نے کہا ظلم سہنا بھی ظلم کے مترادف ہے۔امرت شہزادی کی طرح ہر عورت جس پر تشدد ہورہا ہے تحفظ خواتین اتھارٹی پنجاب کو باخبر کر ے۔تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز اتھارٹی کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں۔