الحمراآرٹ میوزیم نئی سوچ‘ ولولے کا موجب ہے:اطہرعلی خان
لاہور(کلچرل رپورٹر)ایگزیکٹوڈائریکٹرہورآرٹس کونسل الحمراء اطہر علی خان نے کہا ہے کہ الحمرا کلچرل کمپلیکس (قذافی سٹیڈیم)میں آرٹ میوزیم نئی سوچ ،نئے ولولے کا موجب ہے، ہمارا مصور بے پناہ صلاحیتوں کا مالک ہے،فن پارے اعلی ٰ انسانی اقدار کو معاشرے میں پنپنے کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے الحمرا آرٹ میوزیم کو ہفتے میں7روز کھلا رکھنے کے فیصلے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر ذوالفقار علی زلفی ، ڈپٹی ڈائریکٹر کلچرل کمپلیکس نوید الحسن بخاری ،کیوریٹر ہاجرہ محمود و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔انھوں نے کہا کہ الحمراء آرٹ میوزیم تاریخی درسگاہ کی حیثیت رکھتاہے،مصوری کاشعبہ معاشرہ کو خوبصورت بنانے میں کلیدی کردار ہے،انھوں نے کہا کہ نئی نسل کے مصوروں کوعالمی شہرہ آفاق آرٹسٹوںکے کام سے ہم آہنگ کرنے کے لئے یہ پلیٹ فارم اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہاہے۔الحمراء آرٹ میوزیم دیکھنے کیلئے کالجز،یونیورسٹیوں کو باقاعدہ مدعو کردیا گیا ہے۔گاہے بگاہے مختلف وفود آرٹ میوزیم کا دورہ کرتے رہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہاں آرٹسٹ ٹاک شو بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ الحمراء آرٹ میوزیم کی ٹیم نے اینامولیکا ،کولن ڈیوڈمعین نجمی،غلام رسول،محمود بٹ، احمد شہباز، سلیمہ ہاشمی اور میاں اعجاز الحسن کے فن پاروں کو ان کی اصل شکل میں بحال کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔