ہوا کا رخ بدلتے ہی نئی سیاسی صف بندیاں شروع ہوگئیں:حامدرضا
لاہور ( خصوصی نامہ نگار )سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہوائوں کا رخ بدلتا دیکھ کر نئی سیاسی صف بندیاں شروع ہو چکی ہیں۔ حکومت نے کارکردگی بہتر نہ کی تو قائم نہیں رہ سکے گی۔ بڑھتا سیاسی عدم استحکام ملک کے لئے خطرناک ہے۔ حکمران پچھلے ادوار کے نوحے پڑھنے کی بجائے کارکردگی دکھائیں۔ گڈ گورننس ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ فارن فنڈنگ کیس پی ٹی آئی کے لئے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ نیب یک طرفہ احتساب کا تاثر ختم کرے۔ خطرات میں گھرے ملک کو سیاسی استحکام اور یکجہتی و اتحاد کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل پنجاب کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عمران خان گفتار نہیں کردار کے غازی بنیں۔ جذباتی تقریروں سے عوام کو مطمئن نہیں کیا جا سکتا۔ خراب معیشت ملکی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ سیاسی رسہ کشی کی وجہ سے عوامی مسائل پس پشت چلے گئے ہیں۔ طاقتور اشرافیہ دھن اور دھونس سے ریلیف حاصل کر لیتی ہے ۔